سابق گورنر پنجاب عمر سرفرازچیمہ نے وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا وہ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت بڑے پیمانے پر غداری کے مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت کا رخ کریں گے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے صاحبزادے پنجاب میں مسلسل قانون کی خلاف وزری کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں،آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت وزیر اعظم کے خلاف عدالت مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آرٹیکل 6 کے مطابق کوئی بھی شخص جو طاقت کے استعمال یا طاقت کے اظہار یا کسی اور ذریعے سے آئین کو منسوخ کرتا ہے یا توڑتا ہے یا معطل کرتا ہے یا التوا میں رکھتا ہے، یا اسے منسوخ کرنے یا توڑنے یا معطل کرنے یا ملتوی کرنے کی کوشش کرتا ہے یا سازش کرتا ہے یا دیگر غیر آئینی ذریعے سے سنگین غداری کا مرتکب ہوتا ہے تو پارلیمنٹ قانون کے ذریعے سنگین غداری کے مرتکب پائے جانے والے افراد کی سزا کا انتظام کرے گی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمر چیمہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ماننا ہے کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہا ہے،پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس سے متعلق کوئی بھی اقدام غیر قانونی ہوگا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے تمام اراکین کو گھر بھیج دینا چاہیے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 4 غیر ملکی دورے مکمل کر لیے ہیں لیکن ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر کم ہوتی جارہی ہے،پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹے معیشت کے لیے بہت اہم ہیں،اسد عمر کا کہنا تھا کہ تمام معاشی اشارے مسلسل منفی رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔