مہنگائی کا زور کب ٹوٹے گا؟ وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتا دیا

shakuat-tarin.jpg


وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ مہنگائی کا زور6 سے 8 ماہ میں ٹوٹ جائے گا جس کے بعد چیزیں سستی ہوں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تیل کی عالمی قیمتوں نے بوجھ ڈالا ہوا ہے جبکہ ٹیکسوں میں کمی کے باعث ماہانہ 70 ارب روپے نقصان ہو رہا ہے، حکومت کا یہی نعرہ ہے مہنگائی کا توڑ اور آمدن پر زور۔

شوکت ترین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان درمیانے طبقے، تنخواہ دار، موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑی والوں کیلئے جلد پروگرام کا اعلان کریں گے۔

وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر پبلک منیجمنٹ طارق نیازی سمیت قطر کے وزیر توانائی سعد الشریدہ الکابی اور سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفلیح سے ورچوئل اجلاس اور ای کامرس وڈیجیٹل پالیسی سے متعلق اجلاس میں کہا کہ حکومت نے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کیلئے اقدام اٹھائے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت نے ریٹیل سیلز کی نگرانی، سنگل ونڈو آپریشن، ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے ذریعے محصولات کی وصولی بہتر بنانے سمیت متعدد اقدامات کئے ہیں جس سے حکومت کی آمدن میں واضح اضافہ ہوا ہے۔