مریم نواز کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے میں درخواست دائر

12aliyahamzamarnanwaz.jpg

خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی مبینہ تضحیک پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کیلئے کیلئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں درخواست دائر کردی گئی ۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی سیکریٹری عالیہ حمزہ کی جانب سے خاتون اوّل کی مبینہ تضحیک کے معاملے پر ن لیگی رہنما مریم نواز کی گرفتاری کےلیے درخواست دائر کی گئی۔

ایم این اے عالیہ حمزہ نے درخواست مؤقف اپنایا ہے کہ خاتون اوّل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، صابر ہاشمی نے خاتون اوّل کی کردار کشی کی، بے نظیر بھٹو کی کردارکشی سے لے کرآج تک ن لیگ نسل درنسل لوگوں کی کردارکشی میں ملوث رہی ہے ،صابر ہاشمی کی وکالت کرکے مریم نواز نے اقبال جرم کیا۔


دوسری جانب مریم نواز نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے وہی میری آئی سی یو میں بیہوش پڑی والدہ کا ہونا چاہئے تھا،مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کا ہونا چاہئے تھا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوئی آسمان سے اتری مخلوق نہیں جس کی شان میں گستاخی کرنے پر شہریوں کے گھروں پر دھاوا بولا جائے اور انہیں سلاخوں کے پیچھے پھینکا جائے۔


مریم نواز نے مزید کہا کہ ماضی میں آپ نا صرف خود اس گندے کھیل میں شامل تھے بلکہ اپنے جاہل وزرا کا بھی حوصلہ بڑھاتے تھے، اقتدار جب ہاتھ سے نکلنے لگتا ہے تو آپ جیسے انسانوں کا خوف اسی طرح سامنے آتا ہے، آپ کی حرکتیں دیکھ کر مشرف کے آخری ایام یاد آ جاتے ہیں، وقت کا پہیہ گھوم چکا ہے۔

انہوں نےوزیر اعظم کو خاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کہا عمران خان! آپ جتنی بھی ریاستی طاقت استعمال کرلیں،آپ خود کونہیں بچا سکتے، آپ کے جرائم کی فہرست میں مخالفین سے انتقام لینا شامل ہے، آپ ایف آئی اے جیسے اداروں کو ذاتی اسکور سیٹل کرنے کےلئے استعمال کرتے ہیں، آپ کوحساب تودینا ہوگا۔