لیاری گینگ وار کے ملزم ارشد پپو کو گرفتار کرنے والا سابق پولیس افسر قتل

arsha-pao-police-mrdr.jpg


کراچی میں لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار بدنام زمانہ ملزم ارشد پپو کو گرفتار کرنے والا سابق پولیس انسپکٹر سرعام قتل کردیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں دن دیہاڑے یہ واردات پیش آئی جس میں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے صبح دس بج کر 20 منٹ پر 2 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت جاوید بلوچ اور مصدق کے ناموں سے ہوئی ہے، جاوید بلوچ سندھ پولیس میں انسپکٹر کے عہدے پر فرائض سرانجام دے چکا تھا اور لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار ارشد پپو کو گرفتار کرنے والی ٹیم کی سربراہی بھی جاوید بلوچ نے کی تھی تاہم بعد میں جاوید بلوچ کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا تھا۔

واقعہ کے بعد ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن الطاف حسین نے جائے واردات کو دورہ کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والے دونوں لوگ پیشی سے واپس آرہے تھے، جاوید بلوچ پولیس کا برطرف انسپکٹر جبکہ مصدق سندھ سیکرٹریٹ کا ریٹائرڈ ملازم تھا، جاوید بلوچ کے حوالے سے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی جےآئی ٹی رپورٹ میں بھی ذکر ملتا ہے۔

واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار لوگوں نے واردات کو انجام دیا، مقتول بھی موٹرسائیکل پر سوار تھےجسے ملزمان نے روکا اور دو ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کرنے والوں نے انتہائی اطمینان سے سڑک کے درمیان میں کھڑے ہوکر دونوں پر فائرنگ کی اور بعد میں دونوں کے قریب جاکر بھی گولیاں ماریں۔

واقعہ سے متعلق وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عزیر بلوچ کیس میں عدالت میں اپنی گواہی کے بعد واپس آتے ہوئے سابق پولیس افسر کو قتل کردیا گیا، یہی وجہ ہے کہ سندھ میں گواہیاں دینے کیلئے کوئی آگے نہیں آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا بے بی بلاول اس معاملے پر بات کرنا پسند کریں گے اس صوبے میں کیا ہورہا ہے جہاں ان کے والد کی مافیا 14 سال سے راج کررہی ہے۔

 

Aliimran1

Chief Minister (5k+ posts)

Murdari kay paltu​

Jab tak in ka aqa Murdari zinda hai Karachi aur Sindh mein yehi zulm ho ga ?​