لاہور کی ویٹرنری یونیورسٹی کا کورونا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ

5vetu.jpg

یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور نے کورونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین تیار کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ویٹرنری یونیورسٹی کے مائیکروبائیولوجی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طاہر یعقوب نے دعویٰ کیا ہے کہ یونیورسٹی نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرلی ہے۔ پروفیسر طاہر کا کہنا تھا کہ 6 ماہ تک بندر، چوہے اور خرگوش پر ٹرائل کرنے کے بعد اب ویکسین انسانوں پر ٹرائل کے لئے تیار ہے۔

ڈائریکٹر مائیکروبائیولوجی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسین میں کورونا کی پہلی اور چوتھی لہر کے ویرینٹ کو غیر فعال بنا کر چوہے، خرگوش اور بندر پر تجربہ کیا گیا تھا، جانوروں پر کامیاب ٹرائلز کے بعد یونیورسٹی انسانی ٹرائلز کے لئے تیار ہے جبکہ ویکسین کی 167 خوراکیں تیار ہیں۔

پروفیسر طاہر یعقوب کا دعویٰ ہے کہ ویکسین کی دو خوراکیں 21 دن کے وقفے کے بعد لگائی جاسکیں گی جب کہ بین الاقوامی ویکسین کے مقابلے میں یہ ویکسین معیار میں کسی طرح کم نہیں، لہٰذا محکمہ صحت پنجاب اب اسے انسانوں پر استعمال کرسکتا ہے۔

پروفیسرطاہر یعقوب کے مطابق یونیورسٹی نے پنجاب حکومت کی 10 کروڑ روپے کی فنڈنگ سے کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے جانوروں پر 6 ماہ تک ٹرائل کیے ہیں۔
 
Advertisement
Sponsored Link