پی ایس ایل7، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے زمان کو کیا کہا جس سے وہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے؟
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی۔
قلندرز کی جانب سے دیے گئے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز تک محدود رہی اور اس طرح میچ لاہور کی ٹیم نے 8 رنز سے جیت لیا۔
میچ کے ہیرو قلندرز کے ایمرجنگ فاسٹ بولر زمان خان قرار پائے۔ فاسٹ بولر زمان خان نے اپنے آخری اوور میں 12 رنز نہیں بننے دیے جبکہ کریز پر بلے باز آصف علی اور اعظم خان موجود تھے۔
زمان خان نے اپنے آخری اوورز میں جارح مزاج بلے باز آصف علی کو 14 رنز پر پویلین روانہ کیا اور قلندرز کی جیت کی راہ ہموار کردی۔
فاسٹ بولر نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے مجھ سے کہا تھا کہ آخری اوور میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اپنی بولنگ سے لطف اٹھاؤ۔
زمان خان نے کہا کہ میں نے کپتان کی بات پر عمل کیا اور اس طرح ہم میچ کو جیت پر ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے، واضح رہے کہ لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر زمان خان نے میچ میں 4 اوورز کے اسپیل میں 29 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔