عوام کیلئے بری خبر، ادویات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان

11medicine.jpg


مہنگائی سے لڑتی عوام کے لئے ایک اور بری خبر آگئی، ادویات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے خام مال پر سیلز ٹیکس لاگو کیا گیا تو مجبوراً ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قاضی محمد منصور دلاور نے کہا کہ ادویات کی 90 فیصد تیاری کا عمل ملک میں کیا جاتا ہے لیکن اس کے لئے 90 فیصد خام مال باہر سے منگوانا پڑتا ہے جبکہ صرف 10 فیصد خام مال یہاں تیار کیا جاتا ہے۔

چیئرمین قاضی محمد منصور کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ادویات اور خام مال پر سیلز ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرتی ہے تو اس کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

چیئرمین پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں تجویز پیش کی کہ حکومت خام مال پر ٹیکس لگانے کے بجائے مسئلے کا حل اس طرح نکالے کہ نہ حکومت پر بوجھ پڑے اور نہ ہی ہمیں بوجھ اٹھانا پڑے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورے خطے میں سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے، جبکہ پاکستان میں کئی سالوں سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا۔