مسجد نبویؐ میں پیش آئے واقعے کے خلاف فیصل آباد میں عمران خان سمیت 150 افراد کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔مقدمہ فیصل آباد کے ایک شہری نعیم نے درج کروایا۔
مقدمے میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری، شہباز گل، شیخ رشید، قاسم سوری، راشد شفیق اور انیل مسرت کو بھی نامزد کیا گیا۔مقدمے میں نامزد شیخ راشدشفیق کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو شیخ رشید کے بھتیجے اور تحریک انصاف کے ایم این اے ہیں۔
مقدمے میں توہین مذہب کی دفعہ سمیت 4 دفعات لگائی گئی ہیں جن کے تحت عمر قید یا سزائے موت ہوسکتی ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبویؐ میں پاکستانی زائرین کو ہراساں کرکے شعار اسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا۔
ایف آئی آر درج ہونے پر خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ توہین مسجد نبوی شریف ﷺ کا حساب دنیا میں بھی دینا ھوگا اور آخرت میں بھی۔ پی ٹی آئی مافیا نے مسلمانوں خصوصاًپاکستانیوں کے دِل چھلنی کر دئیے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ توہین مسجد نبوی ﷺکے مجرموں انکے اعلانیہ سرپرستوں اورسہولت کاروں کیخلاف اب قانون اپنا راستہ بناۓ
حناپرویز بٹ نے شیخ رشید کے بھتیجے کی گرفتاری پر رعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے مسجد نبوی ﷺ کی بے حرمتی میں ملوث شیخ رشید کے بھتیجے کو گرفتار کر کے بہت اچھا اقدام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام لوگوں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالنا چاہیے جنہوں نے مسجد نبوی ﷺ کی بے توقیری کر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔۔۔