علاج کیلئے بیرون ملک گئے نواز شریف کیلئے بھی صحت کارڈ جاری کر دیا گیا

nawaz-sehat-card.jpg


حکومت کی جانب سے سابق وزیرِاعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو صحت کارڈ جاری کر دیا گیا۔ محکمۂ صحت کی جانب سے اس حوالے سے نواز شریف سے مخاطب ہو کر کہا گیا ہے کہ آپ صحت کارڈ کے ذریعے سالانہ 10 لاکھ روپے تک علاج کرا سکتے ہیں۔

محکمۂ صحت کا مزید کہنا ہے کہ میاں نواز شریف بطور سربراہِ خاندان مزید ایک فرد کا علاج کرانے کے مجاز ہیں۔ محکمہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاج میں 10 لاکھ روپے سے زائد رقم کی ضرورت پڑی تو خصوصی کمیٹی اس کا بھی انتظام کرے گی۔

یاد رہے کہ صحت کارڈ کے تحت علاج معالجے کی سہولیات میں کینسر، گردوں کی پیوند کاری، دائمی امراض، تھیلیسیمیا، ذیابیطس کی پیچیدگیوں، امراضِ قلب، اعصابی نظام کی جراحی، اعضاء کے ناکارہ ہونے اور حادثات کی صورت میں علاج کی سہولیات بھی شامل ہیں.

یاد رہے وزیرِ اعظم کے فلاحی ریاست کے ویژن اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے مجموعی طور پر اسلام آباد، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور تھر پارکر کے تمام گھرانوں کو 10 لاکھ تک صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔


صوبہ خیبر پختونخوا کی مکمل آبادی کو یہ سہولت پہلے ہی فراہم کر دی گئی تھی جبکہ صوبہ پنجاب کی مکمل آبادی کو بھی مارچ 2022 تک نیا پاکستان صحت کارڈ فراہم کر دیا جائے گا۔