عامر لیاقت کی سابق اہلیہ بشریٰ اقبال کی نام لیے بغیر دانیہ پر تنقید

ammai1ii11.jpg

معروف میزبان و ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کی پہلی بیوی سیدہ بشریٰ اقبال کے سوشل میڈیا پیغام نے صارفین کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ "ایسا بھی کیا پیسے کا لالچ کہ کسی انسان کی جان، مال، عزت سب کھا جاؤ، وہ بھی جھوٹ اور الزامات کی بنیاد پر"۔
https://twitter.com/x/status/1549742749699772418
عامر لیاقت کی سابق اہلیہ نے مزید کہا "دنیا کی عدالت میں انسان کتنے ہی جھوٹ بول لے لیکن اللہ تعالیٰ کی عدالت میں زبان نہیں اعضاء بولیں گے۔ وہاں جب سی سی ٹی وی چلیں گے تو کوئی راہِ فرار نہیں ملے گی"۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ہیش ٹیگز میں یہ بھی لکھا ہے کہ اللہ سے ڈرو، اللہ سب جانتا ہے۔

بادی النظر میں بشریٰ اقبال نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کسی کا نام واضح نہیں کیا لیکن صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بشریٰ نے یہ ٹوئٹ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے لیے جاری کیا ہے۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ نے عدالت سے مرحوم شوہر کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عامر لیاقت کی موت کی وجوہات سامنے آنا بہت ضروری ہے۔