شعیب اختر کی بائیوپک "راولپنڈی ایکسپریس" کا ٹیزر جاری

shai1b1b1.jpg


کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کے بارے میں پہلی بین الاقوامی فلم "راولپنڈی ایکسپریس – مشکلات کیخلاف دوڑ"، ایک خوبصورت سفر کا آغاز، میری کہانی، میری زندگی، میری بائیوپک کا اعلان کر رہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے تیز ترین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے لکھا کہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کے بارے میں پہلی بین الاقوامی فلم "راولپنڈی ایکسپریس – مشکلات کیخلاف دوڑ"، ایک خوبصورت سفر کا آغاز، میری کہانی، میری زندگی، میری بائیوپک کا اعلان کر رہا ہوں۔

"راولپنڈی ایکسپریس – مشکلات کیخلاف دوڑ"، فلم کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بتایا کہ ان کی زندگی پر بنی فلم میں وہ حقائق بھی دکھائے جائیں گے جو اب تک عوام کے سامنے نہیں آ سکے۔ فلم کی ڈائریکشن ایم فراز قیصر جبکہ یہ فلم کیو فلم پروڈکشن کی زیرنگرانی تیار کی جا رہی ہے۔

دنیا کے تیزرفتار فاسٹ بائولر شعیب اختر بین الاقوامی طور پر راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف 1997 میں کیا تھا۔ وہ 46 ٹیسٹ میچز، 163 ون ڈے اور 15 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 178، 247 اور 19 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے متعدد نامور بلے بازوں کو خطرناک بائونسرز کے ذریعے زخمی بھی کیا جن میں سارو گنگولی، برائن لارا اور گیری کرسٹن شامل ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1551259542205435904
واضح رہے کہ شعیب اختر کو نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم بلکہ دنیا کا تیز ترین گیند باز بھی قرار دیا جاتا ہے، یہ بھی مانا جاتا ہے کہ وہ کرکٹ کھیلنے والے واحد کھلاڑی ہیں جو دو مرتبہ سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بازی کر چکے ہیں لیکن مختلف تنازعات کی وجہ سے انہیں متعدد بار ٹیم سے باہر بھی نکالا گیا۔ ان پر 2006 میں ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال کا الزام بھی لگایا گیا جس کی وجہ سے ان پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی جو بعدازاں اٹھا لی گئی۔ ان کے بولنگ ایکشن پر متعدد بار سوالات بھی اٹھائے گئے۔

شعیب اختر راولپنڈی کے چھوٹے سے قصبہ مورگہ میں پیدا ہوئے، ان کے والد اٹک آئل ریفائنری میں کام کرتے تھے۔ انہوں نے چپٹے پاؤں کی وجہ سے چار سال کی عمر میں چلنا شروع کیا اور ابتدائی تعلیم ایلیٹ ہائی سکول مورگہ میں حاصل کی بعدازاں مزید تعلیم کے لیے اصغر مال کالج میں داخلہ لیا۔ انہوں نے کرکٹ کھیلنے کی ابتدا نے 19 سال کی عمر میں کی جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز 1994ء میں زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے کھیل کر کیا۔

ایک اور ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ ایک دستاویزی سیریز جس میں حال ہی میں کام کیا ہے اور جس بائیوپک کا میں اعلان کر رہا ہوں یہ دونوں مختلف پراجیکٹس ہیں، اور ان دونوں کے موضوعات بھی مختلف ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1551542210742607878 یاد رہے کہ دنیا کے تیز ترین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر کی زندگی پر بنائی جانے والی بائیو پک 16 نومبر 2023ء کو ریلیز کی جائے گی۔