شاہین آفریدی بھی آفریدی ہے،اس نے نہیں سننی تھی، شاہدآفریدی کے بیان پر قہقہے

shaheen-afidi11.jpg


قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی کو کپتان بننے سے منع کیا تھا لیکن اس نے نہیں سنی۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے بات کرتے کہا کہ کرکٹ میں کافی ساری چیزیں تبدیل ہوئی ہیں۔

بوم بوم شاہد آفریدی نے کہا کہ اب اس طرح نہیں ہوتا کسی سینئر کے ہوتے ہوئے جونیئر کو کپتان بنادیا تو ٹیم بغاوت کردے اور ایک گروپ بن جائے، اب یہ چیزیں کم سننے میں آتی ہیں کیونکہ دیگر ممالک میں بھی ہمیں کھیلوں کے میدان سے ایسی خبریں ملتی رہتی ہیں۔

لالا نے کہا کہ دھونی کی زیر قیادت بھی کئی سینئر کھلاڑی کھیلے، ایک لیڈر وہ ہوتا ہے جو ہر کھلاڑی کو اس کے حساب سے ایڈجسٹ کرے اور سب کو برابر کے موقع دے۔


انہوں نے بتایا کہ مجھ سے شاہین کی بات ہوئی تھی تو میں نے شاہین آفریدی کو منع کیا تھا کہ ایک دو سال رک جاؤ اور بولنگ پر توجہ مرکوز کرو، تھوڑا سا اور کھیلو، سابق کپتان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مگر وہ بھی آفریدی ہے، اس نے بھی نہیں سننی تھی۔

سابق کپتان نے یہ بھی کہا بہرحال یہ اس کا فیصلہ ہے اور ایک کھلاڑی کو اپنے فیصلے کرنے چاہئیں اور جو موقع ملے اس سے سیکھنا چاہیے، ہر کھلاڑی کی پاکستان ٹیم یا کسی فرنچائز کی قیادت کی خواہش ہوتی ہے۔ اگر اسے بھی موقع ملتا ہے تو اچھی بات ہے۔