سکھر: بدبخت بیٹے نے بدکاری کا الزام لگاکر بوڑھی ماں کو ہی مار ڈالا

sindh111.jpg


سندھ میں ایک ناخلف بیٹے نے بدکاری کا الزام لگاکر بوڑھی ماں کو قتل کرڈالا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے شہر سکھر کے علاقے باگڑی میں ایک بدبخت نوجوان نے کاروکاری کا قبیح الزام لگا کر اپنی بوڑھی ماں کو قتل کیا اور فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ میں ثنااللہ نامی ملزم نے50 سالہ بوڑھی ماں پر بدکاری کا الزام عائد کیااور گولیاں مار کر قتل کردیا۔

سکھر پولیس کے مطابق ملزم قتل کے بعد موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ملزم کی تلاش کیلئے پولیس علاقے میں چھاپے ماررہی ہے، بہت جلد ملزم قانون کی گرفت میں ہوگا۔

واضح رہے کہ سندھ میں بدکاری کا الزام عائد کرکے خواتین کا قتل ایک عام سی بات ہے، اکثر سندھ سے کاروکاری کا الزام لگاکر قتل کی سزا کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی ہیں مگر ان واقعات میں کمی واقع نہیں ہوتی۔

ایسا ہی ایک واقعہ چند سال قبل سندھ کے شہر جیکب آباد میں پیش آیا تھا جہاں ایک شخص نے ایسا ہی بدکاری کا الزام عائد کرکے اپنی دونوں بیویوں کو قتل کردیا تھا، اس کی بیویوں کی عمریں 25 سال اور 35 سال تھی،دہرے قتل کا یہ ملزم بھی موقعہ واردات سے فرار ہوگیا تھا۔
 
Advertisement
Sponsored Link