سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں والا تیل کب ملے گا؟

3pakksaolisaholat.jpg

سعودی عرب کی جانب سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل پارکو اور نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کو رواں ماہ سے ملنا شروع ہوجائے گا۔ انہیں ہر ماہ مؤخر ادائیگی پر 5 کروڑ ڈالر کے مساوی مالیت کا تیل فراہم کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں اسلامی ترقیاتی بینک سے 1.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ فیسلٹی حاصل کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ آئی ڈی بی گروپ اور سعودی عرب کی جانب سے ماہانہ 20 کروڑ ڈالر کی مشترکہ فنانسنگ سے روپے کی قدر پر دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے۔

اس حوالے سے وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آئی ڈی بی کی انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن اور پاکستان کے درمیان 1.2 ارب ڈالر کے سالانہ پلان برائے 2022 پر دستخط کیے گئے ہیں۔ سالانہ پلان توانائی اور زراعت کے شعبوں میں پائیدار ترقی کے لیے مدد فراہم کرے گا۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق 1.2 ارب ڈالر کے معاہدے میں بنیادی اجناس جیسے خام تیل، ریفائنڈ پٹرولیم پروڈکٹس، ایل این جی، غذائی اور زرعی مصنوعات کی درآمد کے لیے فنانسنگ شامل ہے۔ اس پلان پر دستخط جدہ میں آئی ٹی ایف سی کے ہیڈکوارٹر میں وزارت اقتصادی امور کے وفد اور آئی ٹی ایف سی کے حکام کے درمیان کیے گئے۔