سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے مبینہ انکشافات، مریم نواز کا ردعمل آگیا

4maryamshm.jpg

مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس کے حوالے سے نشر کی جانے والی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے اسے اللہ کا انصاف قرار دیدیا ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر مریم نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں ایک تصویر پوسٹ کی جس میں نواز شریف آسمان کی جانب نظریں اٹھائے دکھائی دے رہے ہیں، اسی تصویر میں چیف جسٹس گلگت بلتستان سے منسوب کیے جانے والے حلف نامے کی نقل اور صحافی انصار عباسی کی خبر کی سرخی بھی شامل کی گئی۔

اسی تصویر کے اوپر قرآن کی آیت "ان اللہ مع الصبرین" بھی درج تھی اور اس کے نیچے نواز شریف کا ماضی میں دیا گیا ایک بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میں اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔

مریم نواز شریف نے یہ پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "اس شخص سے ڈرنا چاہیے جو صبر کرے اور اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دے ، اس میں ظالموں کیلئے بہت بڑا سبق ہے"۔

https://twitter.com/x/status/1460215469617520651
اس سے قبل مریم نواز شریف نے اس خبر کے حوالے سے اپنی ٹویٹ میں نواز شریف کی ایک خوش و خرم تصویر شیئر کی اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ "کیا آپ جانتے ہیں اصل خوشی کیا ہوتی ہے، کہ آپ کو اپنی زندگی میں ہی کسی لگائے گئے الزام سے بری قرار دیدیا جائے ۔

https://twitter.com/x/status/1459870142066831363
واضح رہے کہ خبررساں ادارے دی نیوز کے صحافی انصار عباسی کی ایک خبر نے ملک کے سیاسی منظر نامےپر ہلچل مچادی ہے، خبر میں سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان محمد شمیم کا ایک حلف نامہ شامل کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان نے ان کے سامنے فون پر کسی سے بات کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت الیکشن سے قبل نہ دینے کی ہدایات دیں۔