رانا شمیم کو بطور جج دی گئیں مراعات واپس لی جائیں،درخواست دائر

rana-shamim-court.jpg


رانا شمیم کو بطور جج دی گئیں مراعات واپس لی جائیں،درخواست دائر

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو دی گئی مراعات واپس لی جائیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کو بطور جج دی گئیں مراعات واپسی کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست اسلام آباد کے وکیل چوہدری محمد اکرم ایڈوکیٹ نے دائر کی، جس میں سیکرٹری قانون ، سیکرٹری داخلہ اور سابق چیف جج گلگلت بلتستان رانا شمیم کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سابق چیف جج گلگلت بلتستان رانا شمیم نے بیان حلفی دے کر بطور سابق جج اپنے حلف کی خلاف ورزی کی،رانا شمیم آرٹیکل 5 کے مرتکب ہوئے، ان کا جھوٹا بیان حلفی اسلام آباد ہائی کورٹ کو بدنام کر رہاہے، ان کے عمل سے عدلیہ اور ریاست کے خلاف لوگوں میں نفرت پیدا ہورہی ہے۔

درخواست میں سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان سے ان کو دی گئی بطور جج مراعات واپس لینے کی استدعا کی گئی، ساتھ ہی کہا گیا کہ یہ مراعات قومی خزانے میں جمع کروائی جائیں، وزارت داخلہ کو رانا شمیم کے خلاف کاروائی کا حکم دیا جائے۔

چند روز قبل معروف صحافی نے خبر دی کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے ایک حلف نامہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔