دالیں بھی غریب کی پہنچ سے دور،گوشت کے بھاؤ بِکنے لگیں

daalai111.jpg


یوٹیلیٹی اسٹور بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئے، یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا گیا،دال چنا کی قیمت میں 28 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دال چنا کی قیمت 162 روپے سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو ہوگئی۔

سفید چنے کی قیمت 87روپے فی کلواضافے کے بعد 213روپے سے 300روپے فی کلوہوگئی،جب کہ دال مسور کی قیمت میں 55روپے کے بعد 215روپے سے بڑھ کر 270روپے فی کلوہوگئی۔


یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے مسالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈیش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ روز ہی بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات کے گزشتہ ہفتے کے اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران 36 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، 9 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تھی۔

گھی کی فی کلو قیمت میں 26 روپے 12 پیسے، زندہ مرغی کی قیمت میں مزید 33 روپے فی کلو اضافہ ہوا جبکہ بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں تھیں۔