برطانیہ میں کروڑوں پاؤنڈ کا فراڈ کرنے والے شخص کے خلاف نیب کاشکنجہ مزید تنگ

6nabnisarfreez.jpg

برطانیہ میں فراڈ سےکروڑوں پاؤنڈ اڑا کر پاکستان آنے والا شخص نیب کے شکنجے آگیا ہے، نیب نے ملزم کی اربوں کی جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ قومی احتساب بیورو ( نیب) نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں مبینہ طور پر مارگیج فراڈ کرکے 6 کروڑ پاؤنڈ ہتھیانے والے ملزمان کے خلاف پاکستان میں اہم کارروائی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نثار افضل نامی ملزم کے خلاف نیب میں کچھ عرصے سے تحقیقات جاری تھیں جس میں اہم انکشافات سامنے آئے جس کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ملزم کے خلاف ریفرنس فائل کیا گیا۔


احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نثار افضل ، اس کے اہلخانہ اور بے نامی داروں کی ٹیکسلا میں واقع 9 ہزار کنال اراضی جس کی مالیت اربوں روپے میں ہے کو منجمد کر نے کا حکم دیا جس کے بعد نیب نے یہ جائیداد ضبط کرلی ہے۔

نیب کے مطابق نثار افضل ان اربوں کی جائیدادوں کے پیچھے کوئی ثبوت فراہم نہیں کرسکے جس کے بعد ملزم کے خلاف انسداد بدعنوانی آرڈیننس اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملزمان پر برطانیہ میں مارگیج فراڈ کیس میں 6 کروڑ پاؤنڈ کا گھپلہ کیا اور فرار ہوکر پاکستان پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب نثار افضل نامی ملزم کی جائیداد ضبط کی گئی ہو اس سے قبل بھی ملزم کی 50ارب سے زائد مالیت کی جائیداد بھی ضبط کی جاچکی ہے جس میں اسلام آباد کے پوش علاقوں میں واقع 11 بنگلے اور 650 کنال اراضی بھی شامل ہے۔