ایف آئی اے اپنے ہی سابق ڈائریکٹر کیخلاف پابندی کیلئے پیمرا کو خط

FIA-bashir-memon-a.jpg


وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اپنے ہی ادارے کے سابق ڈائریکٹر بشیر میمن کے خلاف پیمرا کو خط لکھ دیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد رضوان کی جانب سے پیمرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بشیر میمن کے ٹی وی چینلز کو دیئے جانے والے انٹرویوز عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے لکھے گئے خط میں پیمرا سے بشیر میمن کے انٹرویوز کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق بشیر میمن نے عمر فاروق ظہور کو سہولیات فراہم کیں جب کہ عمر فاروق مالی فراڈ کے مقدمات میں ایف آئی اے کو مطلوب ہے۔

ایف آئی اے حکام کا موقف ہے کہ بشیر میمن کئی الزامات کا سامنا کررہے ہیں جس میں عمر فاروق ظہور سے قریبی تعلق بھی شامل ہے جومنی لانڈرنگ میں ملوث ہے، انہوں نے بتایا کہ مبینہ طور پر بشیر میمن نے عمر ظہور کا نام ریڈ نوٹس سے نکالنے کیلئے انٹرپول کو خط لکھا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق عمر فاروق ظہور سوئٹزر لینڈ، ناروے، ترکی اور دیگر ممالک کے قانون نافذ کرنے والےاداروں کو مطلوب ہے۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں ہونے والی ایک ساعت کے دوران عدالت نے ایف آئی اے کو بشیرمیمن کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے سے بھی روک دیا تھا۔

سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے عدالت میں دائر ضمانت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایف آئی اے ایسے دستاویز پیش کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے جو ان کے پاس نہیں ہیں۔