انٹر بینک: ڈالر کی قدر میں دو روپے کمی، سٹاک مارکیٹ میں تیزی

Siasi Jasoos

Chief Minister (5k+ posts)
498539_34935609.jpg


اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈالر کے مقابلے روپیہ مضبوط ہونے لگا، انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 310 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق لگتا ہے ڈالر کے پر کتر دیئے گئے، انٹربینک میں ڈالر کی قمیت 2 روپے کمی کے بعد 158 روپے 6 پیسے ہوگئی، انٹربینک میں ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے 6 روپے سستا ہوچکا ہے، ڈالر سستا ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 600 ارب روپے کی کمی ہوگئی۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 2 روپے 75 پیسے کمی کے بعد 159 روپے تک پہنچ گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی کی بڑی وجہ مالی سال 19-2018 کے اختتام پر تمام بڑی ادائیگیاں ہوچکی ہیں۔

نئے مالی سال میں سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کے ادھار تیل کی سہولت بھی شروع ہو گئی جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے 6 ارب ڈالر قرض کی جلد منظوری کے امکانات ہیں، ان تمام وجوہات کے باعث نئے مالی سال میں ڈالر کے مقابلے روپیہ کچھ حد تک مستحکم ہو رہا ہے۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 310.78 پوائنٹس بڑھ گیا۔ مارکیٹ میں ایک موقع پر ٹریڈنگ 34340 کی سطح پر پہنچی تاہم کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 34307.11 پر بند ہوا۔

http://urdu.dunyanews.tv/index.php/ur/Business/498539