وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے پنجاب کے شہر نارووال سے بچوں کی فحش ویڈیوز بنا کر انٹرنیٹ پر اپلوڈ کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برازیلین حکومت سے انٹرپول کے ذریعے حکومت پاکستان کو ڈارک ویب اور چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث پاکستانی شخص کی معلومات ملیں جس پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے پر نارروال میں کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کے قبضے سے بچوں کی 600 سے زائد فحش ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں، ایف آئی اے نے ملزم کا موبائل، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز اپنے قبضے میں لے کر انہیں فرانزک کیلئے بھجوادیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا تعلق چائلڈ پورنوگرافی کے بین الاقوامی سطح پر دھندہ چلانے والے عالمی گروہوں سے ہے، اور ملزم ان سے براہ راست رابطے میں بھی تھا۔
ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور اسے عدالت میں پیش کرکے تفتیش کیلئےریمانڈ کی درخواست کی جس پر عدالت نے ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔
یادرہے کہ بین الاقوامی سطح پر بچوں کی فحش ویڈیوز اور ڈارک ویب چلانے والے گروہ کا سرغنہ سہیل ایاز کچھ عرصہ قبل اسلام آباد سے گرفتار ہوا تھا، جسے چند روز قبل عدالت نے جرائم ثابت ہونے پر 3 بار پھانسی اور 3 بار سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔