امریکی کمپنی کا سعودی عرب میں نئی طرز کی الیکٹرک کاریں تیار کرنے کا اعلان

5a83ea9dbda8f328920e1b8a1d7802fd


امریکی کمپنی نے 2024 سے سعودی عرب میں نئی طرز کی الیکٹرک کاریں تیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی مشہور الیکٹرک کارساز کمپنی 'ٹیسلا موٹرز' کی مدمقابل برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی 'لوسڈ موٹرز' نے اعلان کیا ہے کہ 2024 سے سعودی عرب میں الیکٹرک کاریں تیار کرنا شروع کردیا جائے گا۔

کمپنی نے اس حوالے سے سعودی عرب میں اجازت نامہ حاصل کرنے کیلئے درخواست بھی جمع کروادی ہے، درخواست لوسڈ موٹرز کے سعودی عرب میں نائب سربراہ سعود العسکر کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ لوسڈ موٹرز میں سعودی انوسٹمنٹ فنڈ نے سرمایہ کاری کرکے کمپنی کے 62 فیصد شیئر ز خرید رکھے ہیں، یہ کمپنی گزشتہ ماہ امریکی اسٹاک ایکسچینج میں شامل ہونے والی کمپنیوں میں شامل ہے، سعودی فنڈکو کمپنی کے امریکی اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ سے 22 ارب ڈالر کا منافع ہوا ہے۔


لوسڈ موٹرز رواں برس اپنی پہلی گاڑی'لوسڈ ایئر' متعارف کروانے جارہی ہے جس کی امریکا میں قیمت 77 ہزار400 ڈالرز رکھی گئی ، کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ گاڑی ایک کلوواٹ آور میں ساڑھے 4 میل کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کا مقابلہ ٹیسلا موٹرز کے ایس ماڈل کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ کمپنی کے دعویٰ کے مطابق گاڑی کی مکمل رینج 517 میل ہےجو ٹیسلا ایکس سے 26 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔