استعفوں کی منظوری ، تحریک انصاف کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

ihc-pti-membrs-all.jpg


پی ٹی آئی اپنے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی۔ پارٹی کی جانب سے اسلام آباد کی عدالت عالیہ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اسپیکر کو ہدایت دے وہ استعفوں کی منظوری سے متعلق اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے اور حکم دے کہ وہ درخواست گزاروں اور دیگر 112 ارکان کو بھی بلائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسپیکر تحقیق کرلے جنہوں نے استعفے دیے انھوں نے آرٹیکل 64 کے تحت اپنی آزادانہ مرضی سے استعفے دیے۔ قانون کے مطابق پٹشنرز کو سنے بغیر اسپیکر استعفوں متعلق اطمینان نہیں کر سکتا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی الیکشن کا اعلان نہیں ہوا 123 ارکان کے استعفوں کو ایک ساتھ دیکھا بھی نہیں گیا، اس لیے پٹشنرز کا استعفوں سے متعلق لیٹر موثر نہیں رہا۔ ممبر اسمبلی شکور شاد کا استعفی منظور ہوا تو انہوں نے درخواست دی اسپیکر نے سنے بغیر استعفی منظور کر لیا۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ شکور شاد کی درخواست پر ہائیکورٹ نے ان کا استعفی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ پٹشنرز اسپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کے استعفے منظور نہیں ہوئے۔

درخواست گزاروں میں علی محمد خاں ، فضل محمد خان ، شوکت علی ، ڈاکٹر شیری مزاری، شاندانہ گلزار ، فخر زمان خان ، فرخ حبیب، اعجاز شاہ ، جمیل احمد اور محمد اکرم شامل ہیں۔