شام کے جنگلات کو آگ لگانے والے24 افراد کو پھانسی

syriai11.jpg


شام کے مختلف شہروں کے جنگلات کو آگ لگاکرراکھ کرنے والے 24 افراد کو پھانسی دیدی گئی ہے۔

خلیجی خبررساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مجرموں کو پھانسی وزارت انصاف کی جانب سے سرکاری املاک اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کا جرم ثابت ہونے پر سنائی گئی تھی جس پر آج عمل درآمد کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے وزارت انصاف کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان پر قتل، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات عائد تھے، آتشزدگی کے واقعے کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ پر محیط جنگلات جل کر راکھ ہوگئے تھے جبکہ اس واقعے میں تین افراد کی ہلاکت بھی ہوئی۔

وزارت انصاف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجرمان نے گزشتہ سال ستمبر سے اکتوبر کے درمیان ملک کے تین صوبوں میں جنگلات میں آگ لگانے کا اعتراف کیا اور کہا کہ طرطوس، لاذقیہ اور حمص کے جنگلات میں آگ لگائی گئی جس نے دیکھتے دیکھتے پورے کے پورے جنگل کو راکھ میں بدل دیا۔

شام کی وزارت انصاف نے پھانسی پر چڑھائے گئے 24 افراد کی شناخت یا تصاویر ابھی تک جاری نہیں کی ہیں، 24 مجرموں کو پھانسی کے علاوہ 11 مجرمان کو عمر قید بامشقت،5 کم عمر ملزمان کو 10 سے 20 سال قید کی سزا جبکہ 4 مجرموں کو عارضی تعزیراتی سزا سنائی گئی ہے۔