آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ملکی معیشت کو استحکام کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے پڑوسی ملک بھارت کے میڈیا پر بھی چرچے ہونے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی معاشی استحکام کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو خوب سراہا گیا ہے۔
بھارتی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے چیف جنرل عاصم منیر معاشی استحکام کیلئے کئی ممالک سے بات چیت کررہے ہیں تاکہ پاکستان کو جلد از جلد معاشی مدد مل سکے، کیونکہ پاکستان کی معاشی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے، ڈالر کےمقابلے میں روپے کی قدر گرتی جارہی ہے اور مہنگائی روز نئے ریکارڈ بنارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے پاک فوج نے مورچہ سنبھال لیا ہے اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے ملک کو سب سے بڑے معاشی بحران سے نکالنے کا عزم کا اظہار کیا ہے، حالانکہ یہ کام بہت مشکل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ سالوں میں پاکستان سے دوسرے ممالک منتقل ہونےو الے کاروبار اور سرمایہ کاروں کو واپس لانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں، امید کی جارہی ہے کہ پاکستان میں جلد ہی زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبے میں یہ کاروباری شخصیات دوبارہ بڑا کارنامہ کریں گے۔