سائبر سکیورٹی فرم کے سسٹم میں خرابی پیدا ہونے کے باعث دنیا بھر میں جانے والی پروازوں اور بینکنگ نظام متاثر ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق کلاؤڈ سٹرائیک نامی گلوبل سائبر سکیورٹی فرم کے سسٹم میں ایک تکنیکی خرابی کے باعث بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ کی بندش سے بینکنگ نظام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں جانے والی پروازوں کے نظام میں خرابی پیدا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سسٹم کی اس خرابی کے باعث بین الاقوامی نشریاتی اداروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرائوسٹرائیک نامی سائبر سکیورٹی فرم کے سافٹ ویئر Falcon Sensor میں خرابی کی وجہ سے مائیکروسافٹ ونڈوز میں خرابی سامنے آئی ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش اور مائیکروسافٹ ونڈوز میں خرابی کی وجہ سے بہت سے ملکوں میں ایئرلائنز کا سسٹم بھی بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سڈنی، ایڈنبرا، ٹوکیو اور مانچسٹر جیسے دنیا کے بڑے ہوائی ادوں پر بھی پروازوں کا نظام اس مسئلے کے باعث درہم برہم ہو گیا۔ مائیکروسافٹ ونڈوز میں اس تکنیکی خرابی کے باعث جنوبی افریقہ اور جرمنی جیسے ملکوں میں بینکنگ سروسز میں خلل واقع ہوا ہے۔
انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کے باعث بھارتی وامریکی ایئرلائنز سمیت متعدد ایشیائی ایئرلائنز کے پروازوں کے نظام، بینکنگ نظام اور سٹاک مارکیٹ پر بھی اثر پڑا ہے۔ مائیکروسافٹ کی طرف سے اس خرابی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر اس کی کلاؤڈ سروسز میںتعطل آیا ہے اور جلد سے جلد اس خرابی کو دور کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صرف ان کمپیوٹر سسٹم میں خرابی سامنے آئی ہے جہاں پر مائیکروسافٹ ونڈوز کا استعمال کیا جا رہا ہے، میک اور لینکس کے سسٹمز میں اس خرابی کے کوئی اثرات ظاہر نہیں ہوئے۔ سافٹ ویئر میں خرابی کی وجہ سے مائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کرنے والے صارفین کے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز پر نیلی سکرین نمودار ہوگئی اور ملازمین وصارفین اپنے سسٹم تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہو گئے۔
واضح رہے کہ کراؤڈ سٹرائیک دنیا کے سب سے بڑے سائبر سکیورٹی وینڈرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے تو دنیا کے ہزاروں کاروباروں کو سائبر اور وائرس حملوں سے بچانے کیلئے سافٹ ویئر کی خدمات فراہم کرتا ہے۔ کمپنی کا صدر دفتر آسٹن، ٹیکساس میں ہے اور اس کے ملازمین کی تعداد 10 ہزار کے قریب ہے، کراؤڈ اسٹرائیک فالکن کمپنی کا سافٹ ویئر ہے اور یہ کارپوریٹ سسٹمز میں بیک گرائونڈ میں کام کرتا ہے۔