قومی ٹیم دس برس قبل جیسی تھی آج بھی ویسی ہی ہے ، شعیب ملک کو ابھی تک بیٹنگ نہیں آئی ، عمر اکمل کے اندر کرکٹ والا دماغ نہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم دفاع کرسکتی ہے ،ہدف عبور نہیں کرسکتی،قومی ٹیم دس برس قبل جیسی تھی آج بھی ویسی ہی ہے ۔ لاہور (آئی این پی)نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹی 20 میں کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی اور کھلاڑیوں میں وائٹ واش کرنے کا جذبہ ہی نظرنہیں آیا۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی ٹیم کو پتہ ہی نہیں تھاکہ اس نے کرنا کیاہے ۔کوئی بھی بلے باز اچھی گیند پر آؤٹ نہیں ہوا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو110سے زائد کا ہدف حاصل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ان کو بیٹنگ کی حکمت عملی بناناہوگی۔ورنہ ورلڈ ٹی20 میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی بلے باز بھارتی ٹیم سے سبق سیکھیں اور وکٹ پر ٹھہرنااپنی عادت بنائیں، سنیئرزاب نہیں سیکھیں گے تو کب ؟۔ انہوں نے کہاکہ شعیب ملک مفید ثابت ہوسکتا تھا لیکن ایک عرصے تک کھیلنے کے باوجود اسے بیٹنگ نہیں آئی جبکہ عمر اکمل نے مجھے پھر مایوس کیا۔اس کے اندر کرکٹ والا دماغ نہیں ۔وسیم اکرم نے کہاکہ کھلاڑیوں کو غلطیوں سے سیکھنا چاہئے اورٹیم مینجمنٹ ہدف کے حصول کے لیے حکمت عملی تیارکرے ۔










