07:37 GMT 12:37 PST
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کے مطابق شدت پسندوں کے پانچ ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کے نتیجے میں سات شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔
خیبر ایجنسی میں ایک اعلیٰ فوجی اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ بدھ کی صُبح تحصیل باڑہ کے دور افتادہ علاقہ تیراہ میں لشکر اسلام اور تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانوں کو جیٹ طیاروں سے نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ جیٹ طیاروں کی بمباری سے شدت پسندوں کے پانچ اہم ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے جبکہ سات شدت پسندوں کے ہلاکت کی اطلاعات بھی ہیں۔
فوجی اہلکار نے بتایا کہ تیراہ میں مختلف شدت پسند تنظیموں کے جنگجو موجود ہیں لیکن گزشتہ چند ہفتوں سے اس علاقے میں تحریکِ طالبان پاکستان کے جنگجوؤں میں اضافہ ہوا ہے جو دیگر علاقوں سے یہاں آئے ہیں۔
یادرہے کہ تیراہ افغان سرحد کے قریب خیبر، اورکزئی اور کُرم ایجنسی کے سنگم پر واقع ایک پہاڑی سلسلہ ہے جہاں مختلف شدت پسند تنظیموں کے مراکز کے علاوہ اس علاقے میں حکومت کے حامی افراد پر مُشتمل ایک لشکر بھی موجود ہے جو شدت پسندوں کے خلاف سرگرم ہے۔










