ایپوہ: پاکستان نے ارجنٹائن کو شکست دے دی




پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ بلیو ٹرف پر کوئی ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے جا رہے اکیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں چارگول سے شکست دے دی ہے۔
پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو ایک گول کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں ارجنٹائن نے دو جبکہ پاکستان نے مزید تین گول کیے۔






پاکستان کی جانب سے پہلا گول کھیل کے تینتیسویں منٹ میں راشد کے پاس پر محمد عرفان نے کیا۔ دوسرے ہاف میں کپتان سہیل عباس نے دوسرے پنلٹی کارنر پر گول کر کے پاکستان کی برتری دوگنی کر دی۔
پہلے ہاف میں بھی پاکستان کو ایک پنلٹی کارنر ملا تھا لیکن بلیو ٹرف پر کھیلنے کا تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو گیند روکنے میں دشواری پیش آئی۔
ارجٹنائن کی جانب سے ترپنویں منٹ میں گونزالو پلٹاٹ نے پنلٹی کارنر پر پہلا گول کیا جبکہ دوسرے ہاف کے پچیسویں منٹ میں میتھیا پرادیس نے دوسرا گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے تیسرا گول عبدالحسیم خان نے کھیل کے پینسٹھویں منٹ میں کیا جبکہ انہترویں منٹ میں وقاص نے فیصلہ کن گول کر کے پاکستان کو دو پوائنٹس دلوا دیے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم نیلی ٹرف پر کھیلے جانے والے کسی ٹورنامنٹ میں شریک ہے۔ بلیو ٹرف کے استعمال کی وجہ ٹیموں کو لندن اولمپکس سے قبل اس قسم کی آسٹروٹرف پر کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔
لندن اولمپکس میں ہاکی کے مقابلے پہلی بار روایتی سبز آسٹروٹرف کے بجائے نیلے رنگ کی ٹرف پر کھیلے جائیں گے۔
چوبیس مئی سے تین جون تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ارجنٹائن کے علاوہ برطانیہ، نیوزی لینڈ، بھارت، جنوبی کوریا اور میزبان ملائیشیا شریک ہیں۔پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنے نئے کپتان اور تجربہ کار پنلٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباس کی قیادت میں حصہ لے رہی ہے۔
گزشتہ برس اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جہاں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے دن پاکستان اور ارجنٹائن کے علاوہ دیگر میچوں میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ بھارت جبکہ جنوبی کوریا کا ملائیشیا سے ہوگا۔